خبرنامہ انٹرنیشنل

خانہ کعبہ کورواں سال صرف ایک بار غسل دیا جائے گا: شاہی فرمان جاری

ریاض (آئی این پی) سعودی حکومت نیمسجد الحرام میں جاری توسیعی منصوبے اور معتمرین کی سہولت کی وجہ سے خانہ کعبہ کو رواں سال صرف ایک بار غسل دینے کا اعلان کردیا۔سعودی میڈیا کے مطابق مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام میں جاری توسیع منصوبے کے پیش نظر عبادت گزاروں اور زائرین کی سہولت اور تحفظ کی خاطر اس سال کعب اللہ کو 15 محرم الحرام کو غسل دیا جائے گاتاکہ وہاں مناسک کی ادائی میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہ پڑے۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور کے ذمہ دار ادارے (پریزیڈینسی) کے ترجمان احمد المنصوری نے بتایا ہے کہ اس سلسلے میں شاہی دیوان نے نظام الاوقات کی منظوری دے دی ہے جس کے مطابق توسیعی منصوبے اور معتمرین کی سہولت کی وجہ سے خانہ کعبہ کو سال میں صرف ایک بار پندرہ محرم کو غسل دیا جائے گا ۔واضح رہے کہ ہر سال رمضان المبارک کے آغاز سے قبل سالہا سال سے جاری روایت پر عمل کرتے ہوئے کعب اللہ کو غسل دیا جاتا ہے اور سعودی فرمانروا اپنے ہاتھوں سے اللہ کے گھر کو غسل دیتے ہیں۔گذشتہ سال رمضان سے قبل خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کعب اللہ کو غسل دیا تھا۔اس موقع پر ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف بن عبدالعزیز بھی ان کے ہمراہ تھے۔مگر اس سال تعمیراتی کاموں کی وجہ سے یہ غسل محرم میں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔مسجد الحرام کی تعمیر وتوسیع کا بڑا منصوبہ سعودی عرب کے مرحوم فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے دور حکومت میں شروع کیا گیا تھا۔اس منصوبے کے دو مراحل مکمل ہوچکے ہیں اور اس وقت تیسرے مرحلے پر تیزی سے کام جاری ہے۔