خبرنامہ انٹرنیشنل

خضرخان کی جذباتی تقریر نے امریکی آئین کی فروخت بڑھا دی

نیویارک(آئی این پی) پاکستانی نژاد امریکی فوجی کے والد خضر خان کی جانب سے امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی آئین کی کاپی ادھار دینے کی پیشکش کے بعد امریکا میں پاکٹ سائز آئین کی فروخت میں اضافہ ہوگیا۔غیر ملکی میڈیارپورٹس کے مطابق پاکستانی نژاد امریکی فوجی کے والدخضر خان کی جذباتی تقریر کے بعد امریکی آئین کی فروخت میں یک دم اضافہ ہوگیا ہے ایمازون کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کتابوں کی فہرست میں امریکی آئین کا پاکٹ ایڈیشن، ہیری پوٹر اینڈ دی کرسڈ چائلڈ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ یہ ایمازون کی امریکی تاریخ کی کیٹگری میں بیسٹ سیلر ہے۔52 صفحات پر مشتمل پاکٹ سائز امریکی آئین ایمازون پر 1 ڈالر میں فروخت ہو رہا ہے، لیکن آئین کا یہ ایڈیشن ویسا نہیں ہے، جیسا کہ خضر خان نے ڈیموکریٹک کنونشن کے دوران اپنی جیب سے نکال کر دکھایا تھا۔’’امریکی آئین اور اس سے متعلق چند حقائق‘‘ نامی کتاب کے پبلشر نے بتایا کہ انھوں نے مکمل اسٹاک فروخت کردیا اور گذشتہ 23 برسوں میں انھوں نے آج تک ایسا ہوتے نہیں دیکھا۔1993 میں شکاگو میں قائم ہونے والی اوک ہل پبلشنگ کمپنی کے صدر کیئر والٹن کا کہنا تھا کہ ‘ 23 سالوں میں انھوں نے یہ پہلی چیز دیکھی ہے جس کی وجہ سے اس(آئین کی فروخت)میں اتنی تیزی آئی ہے۔والٹن نے بتایا کہ انھوں نے ڈیڑھ لاکھ نئی کاپیاں اسٹاک میں شامل کی ہیں اور انھیں ‘100 فیصد یقین ہے کہ آئین کی فروخت میں یہ اضافہ ڈیموکریٹک کنونشن کے دوران خضر خان کی تقریر کی وجہ سے ہوا۔یاد رہے کہ ہارورڈ سے تعلیم یافتہ وکیل خضر خان کے صاحبزادے ہمایوں خان امریکی فوج میں کیپٹن تھے، جو 2004 میں عراق میں ہونے والے ایک دھماکے میں ہلاک ہوگئے تھے۔گذشتہ دنوں فلاڈلفیا میں ہونے والے ڈیموکریٹک پارٹی کے کنونشن میں ہمایوں خان کے والد خضر خان نے ایک جذباتی تقریر کی تھی اور اس میں ڈونلڈ ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔خضر خان نے کہا تھا کہ ‘ڈونلڈ ٹرمپ! آپ نے کوئی قربانی نہیں دی، اگر ڈونلڈ ٹرمپ کا بس چلتا تو میرا بیٹا کبھی امریکا میں داخل نہیں ہوسکتا تھا۔انہوں نے مزید کہا تھا کہ ‘ڈونلڈ ٹرمپ! آپ امریکیوں سے کہتے ہیں کہ وہ اپنے مستقبل کے لیے آپ پر اعتماد کریں، کیا آپ نے کبھی امریکا کا آئین کھول کر پڑھا ہے؟ میں اپنے پاس موجود امریکی آئین کی کاپی آپ کو دینے میں خوشی محسوس کروں گا۔یاد رہے کہ امریکا کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانات دینے کی وجہ سے مشہور ہیں، انہوں نے دھمکی دی تھی کہ اگر وہ امریکا کے صدر بن گئے تو وہ مسلمانوں کے امریکا آنے پر پابندی لگادیں گے، اس کے علاوہ وہ امریکا اور میکسیکو کی سرحد پر دیوار کھڑی کرنے کی بھی تجویز دے چکے ہیں۔