خبرنامہ انٹرنیشنل

خضرخان کے نام سے فنڈ ریزنگ مہم کا آغاز

نیویارک: (اے پی پی) ویت نام جنگ میں بہادری کا مظاہرہ کرنے والے 67 سالہ ٹام کیفی نے خضر خان کے جرات مندانہ کردار سے متاثر ہو کرYes We khan کے نام سے فنڈ ریزنگ مہم شروع کر دی ہے جسکا مقصد خضر خان کو ورجینیا کے ڈسٹرکٹ 58 سے کانگریس کا الیکشن لڑوانا ہے ۔ گزشتہ 26 گھنٹوں کے اندر لوگوں نے 20 ہزار 556 امریکی ڈالرز عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے یہ رقم اس وقت تک کریڈٹ کارڈ سے چارج نہیں ہو گی جب تک خضر خان الیکشن لڑنے کے لیئے رضامندی ظاہر نہ کر دیں ۔ امریکی چینل این بی سی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹام کیفی کا کہنا ہے کہ اُنکی خضر خان سے پہلی ملاقات ڈیمو کریٹک کنونشن میں ہوئی تھی جب انہوں نے اپنی شعلہ بیانی سے ہر ایک کے دل جیت لیے تھے جس طرح خان نے ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کہ “مسلمانوں کا امریکہ میں آنا بند کیا جائے “کا بڑے مدلل انداز میں جواب دیا یہ تقریر ٹرمپ کے منہ پر آئینی طمانچہ سے کم نہ تھی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم امریکیوں کی اکثریت کی پُرزور خواہش پر چلائی جارہی ہے ہم چاہتے ہیں کہ خضر خان جیسی کرشماتی شخصیات کو بھی آگے آنا چاہیئے اور امریکی ایوان نمائندگان میں انسانی حقوق کے لیئے کوششیں کرنی چائیں ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ یہ مہم رضاکارانہ طور پر چلا رہے ہیں ۔ ” دنیا نیوز” نارتھ امریکہ کے نمائندے ندیم منظور سلہری سے ٹیلی فون پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ٹام کیفی کا کہنا تھا کہ اس مہم کے بعد اُنکا خضر خان سے رابطہ نہیں ہوا لیکن میری اور کچھ امریکی دوستوں کی کوشش ہے کہ خضر خان ہماری اس مہم سے متاثر ہو کر کانگریس کا الیکشن لڑنے کے لیئے رضامند ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایک سرمایہ دار اور مفاد پرست انسان ہے اسکی یہ خواہش ہے کہ وہ امریکی صدر بن کر وائٹ ہاوس کا نام تبدیل کر کے ” ٹرمپ ہاوس ” رکھ لے ۔ ٹام کیفی کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکہ میں بسنے والے مسلمان ہمارے بھائی ہیں اور ہم امریکی مسلم یکجا ہو کر ٹرمپ مخالف سرگرمیوں میں حصہ بھی لیں اور میرا خواب ہے کہ خضر خان کو امریکی کانگریس کا رکن بنوایا جائے۔ واضح رہے کہ ورجینیا کے ڈسڑکٹ 58 سے اس وقت ریپبلکن کے رابرٹ بی بیل امریکی کانگریس کے رکن ہیں ۔