خبرنامہ انٹرنیشنل

خطرات کی جڑیں پاکستان اورسعودیہ میں ہیں،ڈونلڈ ٹرمپ

مانچسٹر(آئی این پی) امریکی صدارت کی دوڑ میں شامل ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں قتل عام کی ذمہ داری اسلامی شدت پسندوں پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطرات کی جڑیں پاکستان اور سعودیہ میں ہیں،منتخب ہوا تو دنیا کے ان علاقوں سے امیگریشن معطل کردوں گا جہاں امریکا، یورپ اور ہمارے اتحادیوں کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کی ثابت شدہ تاریخ موجود ہو۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اسلامی شدت پسند پناہ گزینوں کے سیلاب کے ساتھ ملک میں داخل ہوئے اور اب وہ ہمارے بچوں پر بھی قبضہ کرنے کی کوشش کر ہے ہیں۔نیو ہمپشائر میں اپنی قومی سلامتی کی تقریر میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اورلینڈو کے کلب میں فائرنگ کرنے والے 29 سالہ عمر متین کے والدین افغانستان میں پیدا ہوئے تھے، ساتھ ہی ٹرمپ نے خاص طور پر 11 ستمبر 2001 کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر حملوں کی جانب بھی اشارہ کیا اور کہا کہ یہ خطرات ان لوگوں کی جانب سے پیدا کیے گئے، جن کی جڑیں پاکستان، سعودی عرب اور صومالیہ میں موجود تھیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر میں منتخب ہوا تو میں دنیا کے ان علاقوں سے امیگریشن معطل کردوں گا جہاں امریکا، یورپ اور ہمارے اتحادیوں کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کی ثابت شدہ تاریخ موجود ہو، جب تک ہمیں یہ معلوم نہ ہوجائے کہ ان خطرات کو ختم کیسے کرنا ہے۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر وہ منتخب ہوئے تو وہ اپنے صدارتی اختیارات استعمال کرتے ہوئے امیگریشن کے سخت قوانین نافذ کریں گے تاکہ امریکیوں کو حملوں سے بچایا جاسکے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ٹرمپ اپنی صدارتی مہم کے دوران امریکا میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی کی تجویزپیش کر چکے ہیں تاکہ ملکی سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے۔ٹرمپ نے کہا کہ اگر ہم امریکیوں کی زندگی کا معیار بہتر بنانا چاہتے ہیں تو یہی وقت ہے کہ جب ‘شدت پسند اسلام کے حوالے سے سچ بتایا جائے۔دوسری جانب انھوں نے ڈیموکریٹک امیدوار ہلیری کلنٹن کے نظریات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ مشرق وسطی سے ہزاروں پناہ گزینوں کو بغیر سیکیورٹی انتظامات کے امریکا میں داخل ہونے دیں گی۔