خبرنامہ انٹرنیشنل

خطےمیں دہشت گردی کا سبب امریکی اقدامات ہیں، حسن روحانی

تہران:(اے پی پی) ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ خطے میں دہشت گردی کے پھیلنے کا سبب امریکی اقدامات ہیں، امریکا دنیا بھر میں شرپسندی پھیلا رہا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ بین الاقوامی سطح پر متحد ہوکر لڑی جانی چاہیے۔ ایرانی کے صدر حسن روحانی نے تہران میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر افغانستان اور عراق پر امریکا کی لشکرکشی نہ ہوتی اور شام میں بحران پیدا نہ کیا جاتا تو علاقے میں اتنے بڑے پیمانے پر دہشت گردی نہ ہوتی۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ علاقے میں تمام دہشت گردی کی جڑیں افغانستان اور عراق پر امریکا کے فوجی حملوں میں پیوست ہیں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ بین الاقوامی سطح پر متحد ہوکر لڑی جانی چاہیے۔ حسن روحانی نے کہا کہ دفاع مقدس کے دوران محاذ جنگ پر سپاہ، فوج، عوامی رضاکار فورس بسیج، پولیس، عوام سبھی موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ 8 سالہ مسلط کردہ جنگ ایک ایسی جنگ تھی جس کی کمان حضرت امام خمینی نے اپنی معنوی طاقت اور عوام کے درمیان اپنے اثر و رسوخ کے ذریعے سنبھالی اور ایران کا بچہ بچہ ہتھیلی پر اپنی جان لے کر محاذ جنگ پر جانے کیلیے تیار ہوا اور عوام کے سبھی طبقوں نے حضرت امام خمینی کا ساتھ دیا۔