خبرنامہ انٹرنیشنل

داعش افغانستان میں پسپا ہو رہی ہے:صدر اشرف غنی

کابل ۔ (اے پی پی) افغانستان کے صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیوں کے باعث شدت پسند تنظیم ’داعش‘ ملک میں پسپا ہو رہی ہے۔اْنھوں نے پاکستانی سرحد کے قریب مشرقی افغان صوبے ننگرہار کے اضلاع میں ’داعش‘ کے حامیوں کے خلاف کامیابی کو زمینی و فضائی افواج اور ریٹائرڈ کمانڈروں کے نام کیا، جنہوں نے فوج کے ایلیٹ کمانڈو ڈویڑن کے ساتھ مل کر یہ کارروائیاں کیں۔صدر اشرف غنی نے یہ بیان افغانستان کے دورے پر آئے ہوئے نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز سٹولٹن برگ کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں دیا۔افغانستان کے مشرقی صوبے ننگر ہار میں داعش کے خلاف افغان فورسز کو کارروائیوں کے دوران امریکی افواج کی طرف سے فضائی مدد بھی فراہم کی جاتی رہی۔افغان عہدیداروں کے مطابق داعش سے وفاداری کا اعلان کرنے والے جنگجوؤں میں سے بیشتر کا تعلق طالبان عسکریت پسندوں سے رہا ہے۔