خبرنامہ انٹرنیشنل

داعش: امریکہ اورسعودی عرب کا اتفاق

واشنگٹن (آئی این پی)سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیردفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے پینٹاگان میں اپنے امریکی ہم منصب آشٹن کارٹر سے ملاقات کی جس میں سکیورٹی سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق امریکی وزیر دفاع نے پینٹاگان آمد پر شہزادہ محمد بن سلمان کا بہ نفس نفیس خیرمقدم کیا۔اس موقع پر انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ہماری دسویں گفتگو ہے ۔میں اپریل میں ان کی اور خلیج تعاون کونسل کی مہمان نوازی پر شکر گزار ہوں۔گذشتہ سال ستمبر میں مجھے یہاں ان کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا تھا اور ہم ایک اور تعمیری ملاقات کرنے جارہے ہیں۔ہم خطے میں روایتی اور داعش ایسے خطرے سے نمٹنے کے لیے دوطرفہ تعاون بڑھانے ،یمن کی صورت حال اور ایران کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ کے مقابلے کے لیے تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔ہم اسپیشل آپریشن فورسز کی صلاحیت کار کو بڑھانے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔انھوں نے مزید کہا۔اپنے اعزاز میں استقبالیے کے موقع پر شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے جوابی کلمات میں کہا کہ میں آج بہت ہی حساس وقت میں ایک ایسے ملک میں ہوں جو سعودی مملکت کا اتحادی ہے۔خطے میں ہمیں بہت سے خطرات درپیش ہیں۔خواہ یہ بعض ممالک میں عدم استحکام ہے یا بعض ممالک کے داخلی امور میں مداخلت یا دہشت گردی ہے۔شہزادہ محمد نے کہا کہ خطے میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کی یہ ذمے داری ہے کہ وہ ان چیلنجز کا مقابلہ کریں۔یہ چیلنجز پوری دنیا کے لیے بھی ایک خطرہ ہوسکتے ہیں۔آج ہم ان سے نمٹنے کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کرر ہے ہیں۔سعودی نائب ولی عہد ایک اعلی سطح کے وفد کے ساتھ امریکا کے سرکاری دورے پر ہیں۔انھوں نے قبل ازیں امریکی وزیر خارجہ جان کیری ،وزیر تجارت اور دوسرے اعلی عہدے داروں سے ملاقاتیں کی ہیں اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعاون بڑھانے ،خطے میں جاری تنازعات کے حل اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ وہ جمعہ کو امریکی صدر براک اوباما سے وائٹ ہاس میں ملاقات کرنے والے ہیں۔