خبرنامہ انٹرنیشنل

داعش اوردیگر شدت پسند گروہ اسلام اور مسلمانوں کے نمائندہ نہیں:کیتھ ایلیسن

واشنگٹن(آئی این پی )امریکی کانگریس کے مسلمان رکن کیتھ ایلیسن نے کہا ہے کہ داعش اور دیگر شدت پسند گروہ اسلام اور مسلمانوں کے نمائندہ نہیں بلکہ وہ اسلام کا نام استعمال کرکے اسے بدنام کررہے ہیں۔امریکی ٹی وی سے گفتگو میں کیتھ ایلیسن کا کہنا تھا کہ عام افراد کے قتل اور انہیں تشدد کا نشانہ بنانے جیسی کارروائیاں اسلامی روایات اور تعلیمات سے متصادم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ داعش اسلام کا نام استعمال کرکے مسلمانوں اور دنیا کو گمراہ کررہی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ دنیا میں بسنے والے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کا داعش کی کارروائیوں اور نظریات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔کیتھ ایلیسن نے کہا کہ مسلمانوں کو اپنی الجھنوں کا حل اور سوالات کا جواب داعش سے نہیں بلکہ قرآن اور حدیث سے ملے گا۔ ڈیموکریٹس سے تعلق رکھنے والے کیتھ ایلیسن ریاست منی سوٹا سے امریکی ایوانِ نمائندگان کے منتخب رکن ہیں۔ وہ کانگریس کے رکن منتخب ہونیوالے پہلے مسلمان ہیں۔