خبرنامہ انٹرنیشنل

داعش تمام ممالک کے لئے خطرہ ہے،عراقی وزیراعظم

بغداد:(اے پی پی) عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے دہشت گرد گروہ داعش کو تمام ممالک کے لئے خطرہ قرار دیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کویتی میڈیا کی ایک ٹیم نے دارالحکومت بغداد میں وزیراعظم حیدر العبادی سے ملاقات کی۔ حیدر العبادی نے اس ملاقات میں دہشت گرد گروہ داعش کو ایک ہمہ گیر، بین الاقوامی اور تمام ممالک کے لئے خطرہ قرار دیا۔ حیدر العبادی نے مزید کہا کہ موصل کی آزادی کے لئے کئے جانے والے آپریشن کے بعد عراق کو داعش پر مکمل فتح حاصل ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بہت سے مسائل، متعدد بحرانوں اور دہشت گرد حملوں کا سامنا ہے تاہم اسے داعش پر فتح حاصل کرنا اور اپنی سرزمین سے اس گندگی کو نکال باہر کرنا ہے۔ حیدر العبادی نے مزید کہا کہ عالمی برادری کو داعش کے خاتمے کے لئے عراق کی مدد کر کے تمام ممالک کے اجتماعی مفادات کے حصول کے راستے پر قدم بڑھانا چاہئے۔