خبرنامہ انٹرنیشنل

داعش مخالف جنگ، عراق کی ہرممکن مدد کریں گے، سعودی عرب

بغداد۔ 24 اپریل (اے پی پی) عراق میں متعین سعودی عرب کے سفیر نے کہا ہے کہ ان کا ملک عراق کو ہر اعتبار سے مستحکم دیکھنا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بغداد کی جانب سے شدت پسند گروپ دولت اسلامیہ ’’داعش‘‘ کی سرکوبی کے لیے مدد کی درخواست کی گئی تو ریاض بھرپور تعاون کرے گا۔العربیہ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بغداد میں متعین سعوی سفیر ثامر السبھان نے کہا کہ سعودی عرب عراق کے ساتھ اچھے اور دوستانہ تعلقات کیقیام کا خواہاں ہے۔ دونوں ملکوں کو انتہا پسندی کے ایک جیسے چیلنجز کا سامنا ہے اور دو طرفہ مفادات کے تحفظ کے لیے بغداد اور ریاض ایک دوسرے کے قریب آسکتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ ان کا ملک داعش کے خلاف جنگ کے لیے عراق کی ہرممکن مدد کے لیے تیار ہے۔ چونکہ عراق کی طرح سعودی عرب بھی دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف نبرد آزما ہے۔ اس لیے اگر داعش کے خلاف جنگ کے لیے بغداد کو سعودی عرب کی ضرورت محسوس ہوتی ہے تو ہم ہرممکن مدد کریں گے۔امریکا کی جانب سے عراق کی مالی امداد کے مطالبے سے متعلق سوال کے جواب میں ثامر السبھان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پہلے ہی عراق کی ہرممکن مالی مدد کر رہاہے۔ حال ہی میں عراق کے شورش زدہ صوبے الانبار میں جنگ کے متاثرین کے لیے امدادی سامان کی نئی کھیپ سعودی عرب کی جانب سے بھجوائی گئی ہے۔ سعودی عرب کا امدادی آپریشن عراقی حکومت کے تعاون اور ہم آہنگی کے بعد کیا گیا۔