خبرنامہ انٹرنیشنل

داعش کےحملےمیں لیبیائی فوج کے28 اہلکارہلاک، سینکڑوں زخمی

طرابلس: (اے پی پی) لیبیا میں عسکریت پسند تنظیم داعش کے زیرکنٹرول شہر سرت میں تازہ لڑائی کے نتیجے میں حکومت کے 28 اہلکار ہلاک اور کم سے کم 180 زخمی ہوچکے ہیں۔غیرملکی خبر رساں اداروں کے مطابق سرت تازہ لڑائی میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 28 ہو گئی ہے جبکہ زخمی افراد کا علاج جاری ہے۔لیبیا کے سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ساحلی شہر سرت میں تازہ ہلاکتیں اس وقت ہوئیں جب حکومتی فوج نے داعش کے گڑھ کی طرف پیش قدمی شروع کی۔خیال رہے کہ لیبیائی فوج کی سرت میں داعش کے خلاف جنگ پچھلے 3 ماہ سے جاری ہے۔ حکومتی فوج کو نجی ملیشیا، اقوام متحدہ کی امن فوج اور امریکا کی قیادت میں اتحادیوں کی معاونت بھی حاصل ہے جو اگست کے اوائل سے سرت میں داعش کو کچلنے کے لیے فضائی حملے کر رہے ہیں۔لیبیائی فوج کے ترجمان کے مطابق مخلوط وفاقی حکومت کے زیرانتظام سیکیورٹی فورسز نے سرت کو داعشی عسکریت پسندوں سے چھڑانے کے لیے جاری آپریشن کے آخری مرحلے کا آغاز اتوار کو کیا گیا مگر داعش کی طرف سے جوابی کارروائی میں انہیں غیرمعمولی جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔فوجی ترجمان رضا عیسٰی نے میڈیا کو بتایا کہ ہماری فورسز نے سرت میں داعش کے آخر ی 2 مراکز میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم انہیں دونوں مراکز شمال میں کالونی نمبر 1 اور مشرق میں کالونی نمبر 3 پر سخت جوابی حملے کا سامنا کرنا پڑا ہے اس کے باوجود آپریشن جاری ہے۔