خبرنامہ انٹرنیشنل

داعش کےخلاف ایران کی روس کو فوجی اڈے استعمال کرنےکی اجازت

ایران:(اے پی پی) ایران نے شام مخالف باغیوں اور داعش جنگجووں کے خلاف فضائی کارروائی کے لیے روس کو اپنےفوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دے دی ۔ انقلاب ایران کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ایران نے کسی غیر ملکی طاقت کو اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت دی ہے جبکہ امریکا نے ایرانی فوجی اڈے کے استعمال کو بدقسمی قرار دیا ہے ۔ ایران میں موجود روسی لڑاکا طیاروں نے شام میں باغیوں پر حملوں کا آغاز کر دیا ہے ۔ انقلاب ایران کے 40 سال بعد پہلا موقع ہے کہ روسی جنگی طیاروں نے شامی باغیوں کو کسی ایرانی فوجی مرکز کو استعمال کرتے ہوئے نشانہ بنایا ہے۔ شام پر فضائی کارروائی کے لیے روسی جنگی طیارے ایران کے شہر ہمدان کے فوجی اڈے سے پروازیں بھر رہے ہیں ۔روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اس نے شام میں باغیوں کے خلاف کاروائیوں کو بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر کا کہنا تھا کہ روس کی جانب سے ایرانی فوجی اڈوں کا استعمال بدقسمتی ہے تاہم یہ کوئی حیرت انگیز بات نہیں اور واشنگٹن اس گٹھ جوڑ کی وسعت کا جائزہ لے رہا ہے ۔