خبرنامہ انٹرنیشنل

داعش کے اسلحہ سازی کے کارخانے

لندن (ملت + اے پی پی) ایک برطانوی غیر سرکاری تنظیم کونفلکٹ آرمامینٹ ریسرچ نے کہا ہے کہ دہشت گرد تنظیم داعش بڑی تعداد میں اعلٰی معیار کا اسلحہ و بارود خود ہی تیار کرتی ہے۔جرمن ذرائع ابلاغ کانفلکٹ آرمامینٹ ریسرچ (سی اے آر) موصل میں داعش کے خلاف شروع کی جانے والی کارروائی میں عراقی فوج کے ہمراہ تھی۔ اس دوران سی اے آر کے ماہرین کو اسلحے کی ایسی چھ فیکٹریوں کا معائنہ کرنے کا موقع ملا، جو داعش چلایا کرتی تھی۔ اس کے علاوہ ان ماہرین نے میدان جنگ سے فرار ہوتے ہوئے پھینک دیے جانے والے اسلحے کی بھی جانچ پڑتال کی۔ انہوں نے اس دوران سامنے آنے والے حقائق پر مبنی رپورٹ جاری کی ہے۔ تنظیم کے ڈائریکٹرجیمز بیوین نے کہا ہے کہ داعش مارٹر گولے، دستی بم اور دو مختلف قسم کے میزائل تیار کرتی رہی ہے۔ اس اسلحے کو بڑے پیمانے پر تیار کیا گیا ہے۔ اس دوران معیار کا بھی خاص خیال رکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ داعش کے زیادہ تر کمانڈر عراقی فوج کے سابق اہلکار ہیں یا وہ خفیہ ایجنسیوں میں کام کر چکے ہیں۔داعش کے تیار کردہ مارٹر گولے اس تنظیم کے توپ خانے کی ضروریات پوری کردیتے ہیں۔ اور انہیں بڑی تعداد میں استعمال بھی کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم یہاں ایسے خود ساختہ ہتھیاروں کی بات کر رہے ہیں کہ جنہیں غیر معیاری مواد استعمال کرتے ہوئے بنایا گیا ہے۔داعش اپنی ضرورت کے مطابق ہتھیار تیار کرتی تھی اور ان کا معیار بھی مناسب تھا۔ رمادی، فلوجہ اور تکریت کے مقابلے میں موصل میں قائم اسلحہ سازی کا کارخانہ پیداواری اعتبار سے بہت بڑا تھا۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ موصل داعش کا اقتصادی مرکز بھی رہا ہے۔