خبرنامہ انٹرنیشنل

داعش کے خلاف لڑتے رہیں گے: امریکی وزیر دفاع

داعش کے خلاف لڑتے رہیں گے: امریکی وزیر دفاع
واشنگٹن:(ملت آن لائن) امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا ہے کہ امریکی سربراہی میں قائم اتحاد شام اور عراق میں داعش کے خلاف جنگ اس وقت تک جاری رکھے گا جب تک اقوام متحدہ کی طرف سے جاری امن مذاکرات آگے نہیں بڑھتے۔ امریکی وزیر دفاع جمیز میٹس نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک جنیوا امن مذاکرات آگے نہیں بڑھتے،اس وقت تک شام اور عراق چھوڑ کر جانے والے نہیں ہیں۔ امریکی وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ بگڑی ہوئی صورت حال کو سنبھالنے کے لیے اب کچھ کرنا ہو گا۔ امریکی وزیر دفاع کی طرف سے یہ بیان امریکا اور روس کی طرف سے ہفتہ 11 نومبر کو جاری کیے گئے ایک مشترکہ بیان کے دو روز بعد سامنے آیا، جس میں کہا گیا تھا کہ شامی تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ امریکا اور روس کی طرف سے جاری کردہ مشترکہ بیان کے مطابق دونوں صدور نے شام کی خودمختاری، اتحاد، آزادی، علاقائی سالمیت اور غیر فرقہ ورانہ کردار کے حوالے سے اپنی ذمہ داری ادا کرنے کی تائید کی۔ اقوام متحدہ کی طرف سے شامی بحران کے خاتمے کے لیے امن مذاکرات کی آئندہ تاریخ 28 نومبر مقرر کی گئی ہے ۔ سوئٹزرلینڈ کے دارالحکومت جنیوا میں یہ مذاکرات شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب اسٹیفان ڈے مِستورا کی سربراہی میں ہوں گے۔