واشنگٹن:(اے پی پی) امریکی صدر بارک اوباما نے کہا ہے کہ شام کے بحران کے خاتمے کیلئے داعش کو شکست دینا ضروری ہے،داعش کے ساتھ جنگ بندی نہیں ہوگی،اسکے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کریں گے۔واشنگٹن میں نیشنل سیکیورٹی کونسل کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے باراک اوباما نے کہا کہ آنے والا ہفتہ شام کے مستقبل کیلئے انتہائی اہم ہے،امریکی صدر کا کہنا تھا کہ داعش کے خلاف لڑائی میں کامیابیاں ملی ہیں لیکن انھیں دیرپا شکست دینے کے لیے شام میں جاری تنازع کا خاتمہ ضروری ہے۔براک اوباما کا کہنا ہے کہ اگر یہ جنگ بندی کامیاب رہتی ہے تو یہ شام سے افراتفری اور تشدد کے خاتمے کی جانب پہلا ٹھوس قدم ثابت ہوسکتی ہے۔ امریکی صدر نے شام اور عراق میں سرگرم شدت پسند گروپ داعش کو شکست دینے کا عزم بھی دہرایا ہے۔اوبامانے مزید کہا کہ صدر بشار الاسد کو اقتدارچھوڑنا ہوگا۔امریکی صدر نے روس کوخبردارکیا ہے کہ وہ شام میں جنگی اقدامات اور کارروائیاں روک دے، امریکی صدر کے اس بیان سے قبل روس کے وزیرخارجہ سرگے لاوروو نے بھی امید ظاہر کی تھی کہ امریکہ بھی جنگ بندی کا احترام کرے گا۔ واضح رہے کہ جنگ بندی کا معاہدہ کل رات 12 بجے سے نافذ العمل ہوگا تاہم اس کا اطلاق داعش، القاعدہ اور اس منسلک النصرہ فرنٹ کیخلاف کارروائیوں پر نہیں ہوگا۔