خبرنامہ انٹرنیشنل

دبئی؛ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات متوقع

دبئی؛ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات متوقع
اسلام آباد:(ملت آن لائن) افغانستان میں امن کیلیے کوششیں تیزہوگئی ہیں اور رواں ہفتے دبئی میں افغان حکام اورطالبان کے مابین ملاقات متوقع ہے۔ دونوں فریق مذاکرات بحالی کیلیے طریقوں پر غور کریں گے جبکہ افغان وفد کے رکن سیداکبر آغا نے ملاقات کی تصدیق کی تاہم کہا کہ ابھی تک ایجنڈے کوحتمی شکل نہیں دی گئی۔ افغان حکومت نے پاکستان، امریکا، چین سے بات چیت کے علاوہ طالبان سے بھی مذاکرات کے 6 دورکیے ہیں لیکن طالبان کومذاکرات کی میز پرنہیں لایا جا سکا۔
افغان امور کے ماہرین کاخیال ہے کہ افغانستان کی اعلیٰ امن کونسل نے ملک میں استحکام کیلیے سنجیدہ اقدامات نہیں کیے اورطالبان کو امن مذاکرات پر قائل کرنے کیلیے حکومت کو متبادل ذرائع ڈھونڈنے چاہئیں۔

پاکستان کی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے پڑوسی ملک افغانستان میں دیرپا امن کے حصول کے لیے طالبان اور افغان حکومت کے درمیان مذاکرات کے لیے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اُنھوں نے یہ بات افغانستان سے متعلق شنگھائی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ کے نائب وزرائے خارجہ کے ماسکو میں ہونے والے اجلاس میں کہی۔

اس اجلاس میں پاکستان، افغانستان، چین، بھارت، روس، قازقستان، تاجکستان، ازبکستان اور ترکمانستان کے نائب وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔

وزارتِ خارجہ سے بدھ کی شب جاری بیان کے مطابق کانفرنس سے خطاب میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے پڑوسی ملک میں امن و امان کی بگڑتی ہوتی ہوئی صورتِ حال کا ذکر کرتے ہوئے افغانستان کو درپیش چینلجوں کو اجاگر کرنے کی کوشش کی۔