نیویارک۔(ملت+اے پی پی)دبئی سے ایمریٹس کی فلائٹ جب نیویارک کے ایئر پورٹ پر اتری تو اسمیں 100 کے قریب مسافر بیمار پڑ چکے تھے۔ 19 مسافروں کو فوری طور پر ہسپتال پہنچا دیا گیا جب کہ 9 مسافروں نے اسپتال جانے سے انکار کر دیا۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق خبررساں ادارے رائٹرز نے بتایا ہے کہ ایمریٹس کی فلائٹ نمبر 203 پر کم ازکم 521 مسافر سوار تھے۔نیویارک سٹی کے میئر کے دفتر نے بتایا ہے کہ طبی معائنے میں باقی مسافروں کو صحت مند قرار دے کر جانے کی اجازت دے دی گئی۔امریکہ کے بیماریوں سے تحفظ اور کنٹرول کے محکمے نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ سے آنے والے طیارے پر سوار تقریباً ایک سو مسافروں نے شکایت کی کہ وہ بخار اور کھانسی جیسی علامات محسوس کر رہے ہیں۔ایمریٹس کے دو منزلہ طیارے ایئر بس اے 380 کو حکام نے ٹرمینل سے دور ایک الگ مقام پر کھڑا کر دیا ہے اور ہنگامی صورت حال سے نمٹنے والے عہدے دار یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اچانک ایک ساتھ اتنے مسافروں کے بیمار پڑنے کا سبب کیا ہے۔