خبرنامہ انٹرنیشنل

دمشق کے قریب شامی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ تباہ

دمشق :(اے پی پی) شام میں سرگرم انتہا پسند تنظیم ‘داعش’ نے بشار الاسد کی وفادار فضائیہ میں شامل ایک لڑاکا طیارہ کے جمعہ کے روز دمشق کے نواح میں گر کر تباہ ہونے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر لوڈ کی ہے۔ یہ طیارہ دمشق ہوائی اڈے کے جنوبی پہاڑی سلسلہ کوہ دکوہ میں گر کر تباہ ہوا، تاہم ابھی تک اس کے گرنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ویڈیو میں تباہ ہونے والے طیارہ کے جلتے ہوئے ڈھانچے کے گرد داعش کے جنگجو دیکھے جا سکتے ہیں۔ طیارے پر شامی پرچم بھی نمایاں نظر آ رہا ہے۔درایں اثنا دہشت گرد تنظیم سے وابستہ خبر رساں ایجنسی نے دعوی کیا ہے کہ جائے حادثہ کے قریب سے شامی فضائیہ کے تباہ شدہ طیارے کے پائیلٹ کو گرفتار کیا گیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق ہواباز کی شناخت عزام عید کے نام سے ہوئی ہے جو حماہ شہر کا پیدائشی ہے۔ ہواباز نے طیارہ تباہ ہونے سے پہلے پیراشوٹ کے ذریعے مشرقی دمشق کے علاقے میں چھلانگ لگائی۔