خبرنامہ انٹرنیشنل

دنیا کی امیر ترین خاتون انتقال کر گئیں

دنیا کی امیر ترین خاتون انتقال کر گئیں

پیرس(ملت آن لائن) دنیا کی امیر ترین خاتون اور لوریل کاسمیٹکس کے سربراہ کی واحد وارثہ لِیلیان بیٹنکورٹ 94 برس کی عمر میں جمعرات کو پیرس میں انتقال کر گئیں۔

گزشتہ سال فوربز میگزین کی فہرست کے مطابق لِیلیان بیٹنکورٹ کو 40 ارب کے قریب ملکیت رکھنے کی بنا پر دنیا کی 14 ویں امیر ترین خاتون قرار دیا تھا۔

لِیلیان بیٹنکورٹ کے والد لوئس میڈالین تھے جو مشہور لوریل کاسمیٹکس کمپنی کے مالک تھے۔ لِیلیان بیٹنکورٹ ان کی اکلوتی اولاد تھی تاہم ان کے انتقال کے بعد لوریل کمپنی کے تمام معاملات انہوں نے سنبھالے۔

لِیلیان بیٹنکورٹ نے 15 برس کی عمر میں ہی فیملی بزنس سنبھالا اور اسے کامیابیوں کی بلند سطح پر لے گئیں۔انہوں نے اپنی کمپنی نہ صرف اپنے ملک میں بلکہ دنیا بھر ایک نئی پہنچان دی۔ اس کے ساتھ ساتھ لِیلیان سماجی سرگرمیوں میں بھی ہمیشہ پیش پیش رہیں۔

کمپنی کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہےکہ لیلیان نے ذاتی طور پر کمپنی کو کامیابی کی بلندیوں پر پہنچانے کے لیے بہت محنت کی تھی اور ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

ان کی شادی فرانس کے مشہور سیاستدان اینڈری بیٹنکورٹ سے ہوئی تھی اور دونوں ہی نازی پارٹی سے کافی ہمدردی رکھتے تھے۔

دنیا بھر کی نامور شخصیات کی جانب سے لِیلیان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا گیا ہے۔