خبرنامہ انٹرنیشنل

دنیا کی معمرترین فرد سوزینا موشیٹ جانز 116 سال کی عمرانتقال کرگئیں

واشنگٹن:(اے پی پی) دنیا کی معمر ترین فرد سوزینا موشیٹ جانز 116 سال کی عمر میں نیویارک میں انتقال کر گئی ہیں۔برطانوی نشریاتی ادرے کے مطابق جیرونٹالوجی ریسرچ گروپ نے کہا ہے کہ جمعرات کو سوزینا موشیٹ جونز کے انتقال کے بعد اٹلی کی 116 سالہ ایما مورانو مارتینوزی اب دنیا کی معمر ترین زندہ فرد بن گئی ہیں۔تحقیقاتی گروپ کے مطابق دنیا کی مصدقہ طور پر معمر ترین فرد فرانس کی جیان کالمیٹ تھیں جن کا1997 میں 122 سال اور 164 دن کی عمر میں انتقال ہوا تھا۔سوزینا موشیٹ جونز امریکہ کی جنوبی ریاست الاباما میں 1899 میں پیدا ہوئیں۔ ان کا تعلق غلاموں کے خاندان سے تھا جو کھیتی باڑی سے منسلک تھا۔گِنیز ورلڈ ریکارڈ اور نیویارک سٹی کے قصبے بروکلن میں معمر افراد کی دیکھ بھال کے مرکز وینڈالیا کے مطابق گریجویشن مکمل کرنے کے بعد 1922ء میں سوزینا نیوجرسی اور پھر نیویارک آگئیں جہاں وہ بطور گھریلو ملازمہ اور آیا کام کرتی رہیں۔1965 میں ریٹائر ہونے والی سوزینا کا کہنا تھا کہ ان کی لمبی عمر کا راز زیادہ نیند اور تمباکو نوشی اور الکوحل سے پرہیز ہے۔