خبرنامہ انٹرنیشنل

دنیا کے 8 امیر ترین افراد دنیا کی نصف آبادی کی دولت سے زیادہ

لندن۔: (ملت+اے پی پی) دنیا کے 8 امیر ترین افراد کی دولت دنیا کی نصف آبادی کی دولت سے زیادہ ہے۔ یہ بات دنیا کی 18 این جی اوز پر مشتمل گروپ آکسفیم کی طرف سے جاری ایک رپورٹ میں کہی گئی۔ رپورٹ کے مطابق 8 امیر ترین شخصیات جن میں امریکی کمپنی مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس ‘ ہسپانوی فیشن ہاؤس انڈی ٹیکس کے بانی امانیسو اور ٹیگا ‘ امریکی سرمایہ کار ویرن بوفے ‘ میکسیکن بزن مین کارلوس سلم ہیلو ‘ ایمیزون کے باس جیف میزوز ‘ فیس بک کے بانی مارک زکر برگ‘ اوویکل کے لیری ایلسن اور نیو یارک کے سابق میئر مائیکل بلو مبرگ شامل ہیں کی مجموعی دولت دیگر3 ارب 60 کروڑ افراد کے پاس موجود دولت سے زیادہ ہے۔ سوئزر لینڈ کے شہر ڈیوس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر جاری کی گئی رپورٹ میں آکسفیم کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں امیر اور غریب کے درمیان خلیج مسلسل وسیع ہو رہی ہے اورڈیوس فورم کے موقع پر جمع ہونے والے دنیا بھر سے رہنما اس مسئلہ پر زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی اقدامات پر توجہ دیں ۔ ایسا نہ کرنے کی صورت میں دنیا کے مختلف ممالک میں عوامی غیض و غضب میں اضافہ ہوگا جس کا اظہار برطانوی ریفرنڈم میں یورپی یونین سے علیحدگی کے فیصلہ اور امریکا کے صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی جیسے سیاسی زلزلوں کی صورت میں نکل سکتا ہے۔ آکسفیم کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ونی ہائی اینیما نے اس موقع پر اپنے تبصرہ میں کہا کہ یہ ایک شرمناک صورتحال ہے کہ جس وقت دنیا کی 10فیصد آبادی کی یومیہ آمدن 2 ڈالر سے بھی کم ہے اتنی زیادہ دولت صرف چند افراد کے پاس جمع ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2015ء میں دنیا کی 62 امیر شخصیات کی دولت دنیا کی نصف آبادی سے زیادہ تھی لیکن اب یہ تعداد 8تک پہنچ گئی ہے۔ واضح رہے کہ امریکی کمپنی مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کی دولت کا اندازہ 75 ارب ڈالر (78.60 کھرب روپے) ہے۔ آکسفیم نے اپنی رپورٹ میں تجویز دی ہے کہ زیادہ آمدن اور دولت پر ٹیکسوں میں اضافہ کیا جائے اور حکومتیں اس بات کو یقینی بنائیں کہ محنت کشوں کو خاطر خواہ اجرت مل سکے۔