خبرنامہ انٹرنیشنل

دھوکے باز اور جابر اسرائیل سے مذاکرات ناقابل معافی غلطی ہوگی، ایرانی سپریم لیڈر

دھوکے باز

دھوکے باز اور جابر اسرائیل سے مذاکرات ناقابل معافی غلطی ہوگی، ایرانی سپریم لیڈر

تہران:(ملت آن لائن) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ دھوکے باز اور جابر اسرائیل کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات کی کوشش ناقابل معافی غلطی ہو گی۔ ایرانی سپریم لیڈر نے اپنے بیان میں کہا کہ تمام مسلم ممالک کے لوگ اسرائیل کو شکست دیں جس کے لئے ایک جدوجہد اور منصوبہ بندی کرنی چاہیے تاکہ دشمن کو پیچھے کی جانب دھکیلا جاسکے۔ آیت اللہ علی خامنہ ای کا بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے کہ جب سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی جریدے کو انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ اسرائیل کو اپنی زمین پر امن سے رہنے کا حق حاصل ہے۔
اسرائیل کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر پُرامن طور پر رہے، محمد بن سلمان
ایرانی سپریم لیڈر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ تمام مسلمانوں کا فرض ہے کہ وہ فلسطینیوں کی تحریک مزاحمت کی حمایت کریں اور ایران فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی مدد جاری رکھے گا۔ آیتہ اللہ علی خامنہ ای نے اسرائیل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ دھوکے باز، جھوٹا اور جابر ملک ہے جس سے مذاکرات کی کوشش فلسطینیوں کی فتح کو پیچھے دھکیل دے گی اور یہ ناقابل معافی غلطی ہوگی۔
سعودی عرب فلسطینیوں کے آزاد ریاست حاصل کرنے کے حق کی حمایت کرتا ہے، شاہ سلمان
یاد رہے کہ سعودی ولی عہد سے انٹرویو کے دوران میزبان نے جب سوال کیا کہ یہودیوں کو اپنے قدیم آبائی علاقوں میں کم از کم جزوی طور پر ایک خودمختار ریاست کا حق ہے’ جس پر ان کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ تمام لوگوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ ایک پُرامن ریاست میں رہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کو اپنی اپنی زمین کا حق حاصل ہے۔ سعودی ولی عہد کے اس بیان کے بعد ان کے والد اور خادم الحرمین و الشرفین شاہ سلمان نے سعودی عرب کی فلسطینی ریاست کے لیے حمایت کا اعادہ کیا تھا۔