خبرنامہ انٹرنیشنل

دہری شہریت رکھنے پر آسٹریلیا کے نائب وزیراعظم نااہل قرار

دہری شہریت رکھنے پر آسٹریلیا کے نائب وزیراعظم نااہل قرار

آسٹریلوی عدالت نے نائب وزیراعظم بارنبی جوئس کو دہری شہریت رکھنے پر نااہل قرار دے دیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کی ہائی کورٹ نے نائب وزیراعظم بارنبی جوئس کے انتخاب کو غلط قرار دیتے ہوئے انہیں نااہل قرار دیا جب کہ عدالت نے دیگر 4 ارکان کے چناؤ کو بھی غلط قرار دیا۔

نااہل نائب وزیراعظم بارنبی جوئس کے پاس نیوزی لینڈ کی شہریت بھی تھی اور رواں سال جولائی میں ہونے والے انتخابات سے قبل انہوں نے اس کا ذکر نہیں کیا تھا۔

آسٹریلیا کے آئین کے مطابق دہری شہریت کے حامل افراد انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے۔

نااہلی کے بعد بارنبی جوئس کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے کا احترام کرتا ہوں، آزاد جمہوریت میں رہتے ہوئے ہمیں کچھ قدغنوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

بارنبی جوئس کی نااہلی کے بعد وزیراعظم میلکولم ٹرنبل کی حکومت کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

نااہل بارنبی جوئس دہری شہریت کے حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کرنے کے بعد ضمنی انتخاب لڑ کر دوبارہ حکومت کا حصہ بن سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ رواں سال جولائی میں ہونے والے عام انتخابات کے دوران دہری شہریت کا معاملہ خاصا گرم تھا اور انتخابات کے بعد کئی ارکان اسمبلی اپنی پوزیشن واضح کرچکے ہیں۔