خبرنامہ انٹرنیشنل

دہشتگردی،علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی کا مقابلہ کیا جائے

آستانہ (ملت آن لائن + آئی این پی) چین،شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) ممالک کے درمیان امن و امان کے سلسلے میں تعاون کو بہتر بنانے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا،چین باہمی سیاسی تعاون اور ٹھوس حکمت عملی کے تحت دوطرفہ اعتماد کے فروغ کیلئے مشترکہ طور پر کام کرنے کیلئے تیار ہے۔ان خیالات کا اظہار چینی سٹیٹ کونسلر گاؤشینگ کن نے گذشتہ روز شنگھائی تعاون تنظیم سیکیورٹی کونسل سیکرٹریٹ کے بارویں اجلاس سے یہاں آستانہ میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔چین شنگھائی تعاون تنظیم ممالک کے ساتھ قانونی بنیادوں پر سیکیورٹی تعاون کو بہتر بنانے کی تجویز پیش کرتا ہے اور اس سلسلے میں وہ ان ممالک کے ساتھ دہشتگردی کے خلاف معاہدہ پر دستخط کرنے کیلئے زوردیتا ہے۔گاؤ شینگ کن جو وزیربرائے پبلک سیکیورٹی ہیں نے زور دیا ہے کہ ان ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون کو موثر طور پر فروغ دینے کیلئے کوششیں کی جائیں تاکہ تین قوتوں دہشتگردی،علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی کا مقابلہ کیا جاسکے اور سائبر سیکیورٹی اور منشیات پر کنٹرول کرنے کیلئے تعاون کو مزید مضبوط کیا جائے۔انہوں نے علاقے میں دہشتگردی کے خلاف مزید ادارے قائم کرنے کی ضرورت پر بھی زوردیا تاکہ شنگھائی تعاون تنظیم ممالک کے درمیان رابطے اور تعاون کو بہتر بنایا جاسکے۔یاد رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم 2001 میں قائم کی گئی تھی یہ ایک علاقائی سیاسی اتحادی اور سیکیورٹی تنظیم ہے جس میں چین قزاقستان، قرغستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان مکمل رکن کے طور پر موجود ہیں۔