خبرنامہ انٹرنیشنل

دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف علاقائی تعاون کے لیے پر عزم ہیں ، ایرانی وزیر خارجہ

دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف علاقائی تعاون کے لیے پر عزم ہیں ، ایرانی وزیر خارجہ
تہران ۔ 25 فروری (اے پی پی) ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے تہران میں صحافیوں سے گفتگو میں داعش اور انتہا پسندی کے مقابلے میں علاقائی ملکوں کے باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انھوں نے اسی طرح جامع ایٹمی معاہدے میں باقی رہنے کے لئے امریکی شرائط کے بارے میں کہا کہ کسی کثیر فریقی معاہدے کے کسی ایک فریق کو شرائط معین کرنے کا حق نہیں ہوتا۔ وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے تہران میں صحافیوں سے گفتگو میں داعش کے خلاف جنگ میں ایران کے کردار کے بارے میں کہا کہ داعش گروہ امن عالم کے لئے خطرہ بن چکا تھا اور ایران نے شام اور عراق میں اپنے فوجی مشیروں کے ذریعے اس گروہ کے خلاف جنگ میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر چہ عراق اور شام میں داعش کو شکست دی جا چکی ہے لیکن یہ گروہ اب بھی خطے اور دنیا کے لئے خطرہ ہے۔وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ داعش کے خطرے کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے طویل المیعاد منصوبہ بندی ،خطے کے ملکوں کے درمیان ہمہ گیر تعاون اور انتہا پسندانہ افکار کے خلاف ہمہ گیر مہم کی ضرورت ہے۔