واشنگٹن:(ملت آن لائن) امریکا نے کہا ہے کہ وہ خطے میں دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے تعاون کا خواہاں ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے اپنے بیان میں کراچی میں چینی قونصلیٹ اور اورکزئی میں دہشت گردی کے حملوں پر پاکستان کے فوری جواب اور بہادری کی تعریف کی۔
امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان ہیتھر نوئرٹ نے اسلام آباد کو یقین دہانی کرائی کہ امریکا ’ان دہشت گردی کے واقعات کا مقابلہ کرنے میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور وہ خطے میں ان خطرات سے نمٹنے کے لیے پاکستانی حکومت کے ساتھ تعاون کے مواقع تلاش کرنے کا عمل جاری رکھے گا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’امریکا ان حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے اور متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ انتہائی افسوس کا اظہار کرتا ہے جبکہ حملوں میں زخمی ہونے والوں کی جلد بحالی چاہتا ہے‘۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ’ہم پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی بھی تعریف کرتے ہیں، جنہوں نے چینی قونصلیٹ پر حملے کا فوری اور بہادری سے جواب دیا اور انسانی جانوں کے مزید نقصان کو روکا‘۔
خیال رہے کہ 23 نومبر کو کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصلیٹ پر دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا، جسے سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیا گیا تھا۔
اس حملے کو ناکام بنانے کے لیے 2 پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کیا تھا جبکہ ویزا کے حصول کے لیے آئے ہوئے باپ بیٹے بھی حملے میں جاں بحق ہوئے تھے، تاہم جوابی کارروائی میں تمام دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے تھے۔
علاوہ ازیں اسی روز خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں بم دھماکا ہوا تھا، جس میں 32 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔