برسلز(آئی این پی ) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف اقوام متحدہ اپنی ذمہ داری نبھانے میں ناکام ہوگیا ہے ، بدقسمتی ہے کہ اقوام متحدہ کو دہشت گردی کی تعریف بھی معلوم نہیں، دہشت گرد انسانیت کے لئے خطرہ قرار ہیں جو لوگ انسانیت پر یقین رکھتے ہیں انھیں مشترکہ طور پر اس کے خلاف لڑنا چاہیے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق نریندر مودی نے برسلز میں مقیم بھارتی شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے پاس دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے پورا مکینزم موجود ہے لیکن یہ بڑی بد قسمتی ہے کہ اقوام متحدہ ابھی تک دہشت گردی کی تعریف کر سکی ہے اور نہ ان قراردادوں پر عمل کر سکی ہے جو دہشت گردوں کی حمایت اور انھیں تحفظ فراہم کرنے والے ممالک کے خلاف ایکشن لینے کا کہتی ہیں۔بھارتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے انسانیت کو خطرات لاحق ہیں اور جو لوگ انسانیت پر یقین رکھتے ہیں انھیں مشترکہ طور پر اس کے خلاف لڑنا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوی کو صرف بندوقوں کے ذریعے سے ختم نہیں کیا جا سکتا بلکہ اس معاشرے میں ایسا ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ہے جس سے ہماری نوجوان نسل بنیاد پرستی کی جانب نہ جا سکے۔ مودی نے خبردار کیا کہ جو ادارے حالات کے مطابق عمل نہیں کرتے اور خود کو اس کے مطابق نہیں ڈھالتے تو ان کا وجود ہی خطرہ میں پڑجاتا ہے۔