خبرنامہ انٹرنیشنل

راجیو گاندھی کے قتل میں تفتیشی افسر کے انکشافات

راجیو گاندھی کے قتل میں تفتیشی افسر کے انکشافات
نئی دہلی: (ملت آن لائن) بھارت کے سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کے قتل کے 26 برس بعد بھارتی تحقیقاتی ادارے سی بی آئی کے تفتیشی افسر نے انکشاف کیا ہے کہ اس نے راجیوگاندھی کے قتل کے بارے میں اعترافی بیان میں سے بعض اہم حقائق کو چھپایا۔ بدھ کو بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق مقدمہ کے تفتیشی افسر وی تھیاگراجن نے بھارت کی عدالت عظمٰی میں اپنے بیان حلفی میں اس بات کا اعتراف کیا کہ اس نے کیس کے سزا یافتہ مجرم اے جی پیراریوالان کے اعترافی بیان میں سے کئی اہم حقائق کو پس پردہ رکھا۔ ملزم کو عدالت پہلے ہی راجیوگاندھی قتل کیس کا ایک اہم کردار قرار دے چکی ہے۔ سابق بھارتی وزیر اعظم راجیوگاندھی کو21 مئی 1991ء کو جنوبی بھارت کی ریاست تامل ناڈو میں ایک انتخابی ریلی کے دوران ایک خودکش حملے میں ہلاک کیا گیا تھا۔ ٹرائل کورٹ پیراریوالان سمیت کئی ملزمان کو سزائے موت سناچکی ہے تاہم بھارتی سپریم کورٹ نے قتل کے ایک مجرم پیراریوالان کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا تھا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ انسداد دہشت گردی کی ’’ٹاڈا‘‘ عدالت نے جنوری 1998ء میں راجیوگاندھی قتل کیس کے تمام 26 ملزمان کو سزائے موت سنائی تھی تاہم سپریم کورٹ نے قتل کے بعض مجرموں کی سزا کو کم کیا تھا۔