خبرنامہ انٹرنیشنل

روس،سکیورٹی فورسزکی کارروائیوں میں 6 شدت پسند ہلاک

ماسکو:(اے پی پی) روس کے شہر سینٹ پیٹرز برگ میں سپیشل فورسز کے ایک آپریشن اور دارالحکومت ماسکو میں جھڑپ کے نتیجے میں6 مشتبہ شدت پسند ہلاک ہو گئے ۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق روسی حکام نے کہا ہے کہ 4 مشتبہ شدت پسندوں کو سینٹ پیٹرز برگ کے ایک رہائشی علاقے میں ہلاک کیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ سینٹ پیٹرز برگ میں آپریشن جنوبی قفقاز سے تعلق رکھنے والے شدت پسندوں کے خلاف کیا گیا۔اس آپریشن کے کچھ دیر بعد جنوبی قفقاز سے تعلق رکھنے والے مبینہ شدت پسندوں نے ماسکو کے قریب ٹریفک پولیس کے دو اہلکاروں کو زخمی کر دیا اور اس کے سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 2 شدت پسند مارے گئے۔روسی انٹیلیجنس ادارے ’ایف ایس بی‘ کے مطابق یہ آپریشن ان لوگوں کے لیے تھا جو بہت عرصے سے جنوبی قفقاز میں غیر قانونی طور پر اسلحہ رکھنے والے گروہوں کا حصہ تھے۔ایف ایس بی کے مطابق مسلح افراد گرفتاری پر مزاحمت کرنے پر جوابی فائرنگ میں مارے گئے۔اطلاعات کے مطابق علاقے سے متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔