خبرنامہ انٹرنیشنل

روس؛ بین الاقوامی خلائی سٹیشن جہاز تباہ ہوگیا

ماسکو: (اے پی پی) روسی خلائی ایجنسی روس کوسموس نے تصدیق کی ہے کہ بین الاقوامی خلائی سٹیشن کے لیے سامان لیجانے والا ایک خلائی جہاز تباہ ہو گیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق خلائی جہاز پروگرس ایم ایس زیرو فور میں کوئی خلا باز سوار نہیں تھا اور اسے جمعرات کو قزاخستان کے بیکانور خلائی مرکز سے روانہ کیا گیا تھا۔جہاز 2.4 ٹن پر مشتمل ایندھن، خوراک اور آلات لے کر بین الاقوامی خلائی سٹیشن کے لیے روانہ ہوا تھا۔خلائی ایجنسی کے حکام کا کہنا ہے کہ 190کلومیٹر بلندی پر خلائی جہاز تباہ ہوا اور اس کا ملبہ سائبیریا کے دور افتتادہ پہاڑی علاقے میں گرا ہے۔روس کوسموس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق منگولیا کی سرحد کے قریب جمہوریہ تووا کی فضا میں خلائی جہاز کے زیادہ تر حصے جل کر راکھ ہو گئے تھے۔واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں متعدد روسی اور امریکی سامان بردار خلائی جہازوں کو حادثات پیش آ چکے ہیں۔