خبرنامہ انٹرنیشنل

روسی صدر کی دھمکیوں‌ نے ہمارے تمام خدشات کی تصدیق کر دی: امریکی ردعمل

روسی صدر کی دھمکیوں‌ نے ہمارے تمام خدشات کی تصدیق کر دی: امریکی ردعمل

واشنگٹن:(ملت آن لائن) امریکی حکومت نے روسی صدر کے ناقابل تسخیر ہتھیار تیار کرنے کے دعوے کو اپنے خدشات کی تصدیق قرار دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوریٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پوتن کا یہ بیان ان معلومات کی تصدیق ہے، جن کے بارے میں امریکا پہلے سے باخبر تھا۔ امریکی کانفرنس نے کچھ عرصے قبل بڑھتے روسی جوہری خطرے کی نشان دہی کی تھی اور پیوتن کا بیان اس کی تصدیق ہے۔ پینٹاگون کے ترجمان ڈین وائٹ کا کہنا ہے کہ روسی صدر کے بیانات غیرمتوقع نہیں، البتہ امریکی عوام کو یہ یقین رکھنا چاہیے کہ ہم پوری طرح تیار ہیں۔ ادھر وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ سینڈرز نے کہا کہ امریکا اپنے دفاعی اخراجات میں اضافہ کر کے اس بات کو یقینی بنائے گا کہ اس کی دفاعی صلاحیت دنیا میں کسی سے بھی کم نہ ہو۔ یاد رہے کہ روسی صدر ولادی میر پوتن نے اپنے ایک خطاب میں ایسے ’ناقابل تسخیر‘ جوہری ہتھیار تیار کر لیے لیں، جو دنیا کے کسی بھی شہر کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ یہ اعلان انھوں نے اپنے آخری صدارتی خطاب میں کیا۔ اس طویل تقریر میں انھوں نے ان میزائلز کی ویڈیوز بھی چلائیں۔ روسی صدر نے نئے جوہری ہتھیاروں کی تیاری کا دعویٰ اپنے چوتھے صدارتی انتخابات سے چند ہفتے قبل کیا۔
ہم ناقابل تسخیر جوہری ہتھیار بنا چکے ہیں: پوتن نے حریفوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی
دنیا کے طاقتور ترین شخص تصور کیے جانے والے روسی صدر کے اس سنسنی خیز دعویٰ نے امریکا کے لیے خطرہ کی گھنٹی بجا دی۔ ولادی میر پوتن نے کہا تھا کہ ہم ایسے ڈرون تیار کر رہے ہیں، جنھیں آبدوز سے چھوڑا جا سکے گا اور یہ جوہری حملہ کرنے کی صلاحیت کے بھی حامل ہوں گے۔ عالمی میڈیا کے مطابق پوتن کی تازہ تقریر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جوہری طاقت بڑھانے اور مزید جوہری ہتھیار بنانے کے بیان کا ردعمل تھی۔ تجزیہ کاروں کے نزدیک یہ ان کے سیاسی کیریر کی سخت ترین تقریر تھی.