خبرنامہ انٹرنیشنل

روسی طیارہ مارگرانیوالےدونوں ترک پائلٹ بھی فوجی بغاوت کےالزام میں گرفتار

استنبول: (اے پی پی) گذشتہ سال نومبر میں شام کی سرحد کے نزدیک روس کا لڑاکا طیارہ مار گرانے والے دونوں ترک پائلٹوں کو بھی حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش میں شریک ہونے کے شبہ میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک ترک عہدے دار نے صحافیوں کو بتایا کہ اس آپریشن میں حصہ لینے والے دونوں پائلٹ اس وقت زیر حراست ہیں اور انھیں حکومت کے خلاف فوجی بغاوت سے تعلق کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ شام کی سرحد کے نزدیک لڑاکا طیارے کی تباہی کے بعد کے بعد روس اور ترکی کے درمیان سخت کشیدگی پیدا ہوگئی تھی اور روس نے ترکی کے ساتھ سیاسی،سفارتی اور تجارتی تعلقات منقطع کر لیے تھے۔ دونوں ملکوں نے گذشتہ ماہ ہی دوطرفہ تعلقات بحال کیے ہیں۔ روسی صدر ولادی میر پوٹن نے اپنے ترک ہم منصب رجب طیب ایردوآن سے فون پر بات کی تھی اور ان کی حکومت کے خلاف فوجی بغاوت کو ناقابل قبول قرار دیا تھا۔ انھوں نے ترکی میں جلد استحکام کی بحالی کی امید کا اظہار کیا تھا۔ توقع ہے کہ دونوں رہنما اگست میں ملاقات کریں گے اور یہ ان کے درمیان سفارتی کشیدگی کے خاتمے کے بعد پہلی بالمشافہ ملاقات ہوگی۔