خبرنامہ انٹرنیشنل

روسی پارلیمنٹ کے رہنماڈوماکی اوباماپرتنقید

ماسکو۔:(اے پی پی) ۔روسی پارلیمنٹ ڈوما کے بین الاقوامی امور کے کمیشن کے سربراہ الیکسی پوشکوف نے جاپان کے شہروں پر ایٹم بم گرائے جانے کے سبب معذرت نہ کرنے پر امریکی صدر اوباما کوہدف تنقید بنایا ہے۔روسی میڈیا کے مطابق پارلیمنٹ کے بین الاقوامی امور کے کمیشن کے سربراہ نے سماجی میل جول کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر اوباما کے دورہ ہیروشیما کے موقع پر، اس شہر پر ایٹم بم گرائے جانے کے حوالے سے جاپانی عوام سے معذرت نہ کرنے کے امریکی صدر کے فیصلے پر تنقید کی ہے ۔ انہوں نے لکھا ہے کہ اوباما اپنے اس اقدام سے یہ ثابت کر رہے ہیں کہ وہ اس وقت کے امریکی صدر ہیری ٹرومن کے شائستہ اور لائق وارث ہیں کہ جنہوں نے انیس سو پینتالیس میں جاپان کے شہروں پر بمباری کا حکم جاری کیا تھا۔ پوشکوف نے کہا کہ نوبل انعام یافتہ اوباما جاپان پر ایٹمی بمباری پرمعذرت کرنا نہیں چاہتے اور ان کے اس رویے سے یہ بات ثابت ہو تی ہے کہ انسانی ہمدردی کے بارے میں ان کے تمام بیانات بے بنیاد ہیں۔