ماسکو ۔ (اے پی پی) ٰروس کی پولیس نے مبینہ طور پرشدت پسند تنظیم داعش سے منسلک 7جنگجو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو دارالحکومت ماسکو سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔روس کی فیڈرل سکیورٹی سروس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کو مغربی شہر یکا ٹرن برگ سے حراست میں لیا گیا ہے۔ملزمان ماسکو اور سینٹ پیٹرز برگ کے شہروں اور سرلوسک کے علاقے میں دہشت گردی کی کارروائیوں کا منصوبہ بنا رہے تھے اور انھوں نے یہاں دہشت گرد حملوں کے بعد شام فرار ہونے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔ذرائع ابلاغ کے مطابق ملزمان کے گھروں پر پولیس کے چھاپوں کے دوران وہاں ایک لیبارٹری کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے جہاں ملزمان بم اور دیگر بارودی مواد تیار کر رہے تھے اس کے علاوہ شدت پسندی پر مشتمل لٹریچر بھی برآمد ہوا ہے۔ حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ مبینہ شدت پسند گروہ کا سرغنہ داعش کا اہم رکن ہے۔