خبرنامہ انٹرنیشنل

روسی ہیکنگ کیخلاف امریکا کا جوابی اقدامات کا فیصلہ

واشنگٹن۔: (ملت+اے پی پی) امریکی صدر باراک اوباماکی انتظامیہ نے حالیہ صدارتی انتخابات کے موقع پر روسی ہیکروں کی کارروائیوں کے خلاف جوابی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکا میں صدارتی انتخابی مہم کے دوران کئی مراحل پر روسی ہیکروں نے صدارتی انتخابات سے متعلق معاملوں میں ہیکنگ کی۔ امریکی ذرائع کے مطابق صدر باراک اوباما اور ڈیمو کریٹک پارٹی کا خیال ہے کہ یہ کوششیں روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے احکامات پر ہوئی ہے۔ ڈیمو کریٹک پارٹی کے راہنماؤں کا یہ بھی خیال ہے کہ ہیکنگ کے ان واقعات کے بعد پارٹی کی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کے انتخابی مہم پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ امریکی انٹیلیجنس کمیونٹی بھی اس بات سے متفق ہے کہ روسی کوششوں کا بظاہر ہدف ڈونلڈ ٹرمپ کو اوول آفس پہنچانا تھا۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے ذرائع کے حوالے سے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ باراک اوباما انتظامیہ رواں ہفتے کے دوران روسی کوششوں کے خلاف جوابی اقدامات کرنے والی ہے ان اقدامات میں اقتصادی و سفارتی پابندیاں اور بعض تیکنیکی نوعیت کے اقدامات شامل ہیں۔