خبرنامہ انٹرنیشنل

روس امریکا کے لئے خطرے کا باعث ہے، امریکی وزیر خارجہ

واشنگٹن: (ملت+آئی این پی)نامزد امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے کہا ہے کہ روس امریکا کے لئے خطرے کا باعث ہے، جبکہ حالیہ سرگرمیاں امریکی مفادات کو نظر انداز کرنے کی مترادف ہے، تاہم وہ روسی صدر پیوٹن کو جنگی جرائم کا مجرم نہیں سمجھتے۔امریکی میڈیاکے مطابق سینیٹ کمیٹی کے روبرو اپنی نامزدگی کی توثیق کے حوالے سے سوالات کے دوران نامزد امریکی وزیر خا رجہ ریکس ٹلر سن کا کہنا تھا کہ وہ امریکا میں داخلے کے معاملے پر کسی مخصوص گروپ کو ہدف بنانے کی حمایت نہیں کرتے، تاہم چین کی جانب سے جنوبی سمندروں میں جزیروں تک رسائی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ریکس ٹلرسن کا کہنا تھا کہ وہ ٹرمپ کو مشورہ دیں گے کہ کیوبا پرسے تجارتی پابندیاں ہٹانے کے بل کو ویٹو کردیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میکسیکو ہمارا دیرینہ دوست اور پڑوسی ہے، ہمیں اس سے تعلقات رکھنے چاہیئے۔ٹلرسن کا کہنا تھا کہ وہ نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان سے بھی اتفاق نہیں کرتے کہ جاپان سمیت دیگر ملکوں کا ایٹمی ہتھیار رکھنا غلط بات نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا کو لازمی طور پر تائیوان سے اپنی وابستگی برقرار رکھنی چاہیے،نیز وہ روسی صدر پیوٹن کو جنگی جرائم کا مجرم نہیں سمجھتے۔ٹلرسن کا کہنا تھا کہ امریکا کیلیے روس خطرے کا باعث ہے، اور اس کی حالیہ سرگرمیاں امریکی مفادات کو نظرانداز کرنے کی مترادف ہیں۔