ماسکو ۔ (اے پی پی) ترکی میں تعینات روس کے سفیر آندرے کارلوو نے کہا ہے کہ روس ترکی میں جوہری بجلی گھر کی تعمیر کا منصوبہ ترک نہیں کر رہا لیکن اس منصوبے پر عمل درآمد ممکن بنانا ترک حکام پر منحصر ہے ۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ترکی میں تعینات روس کے سفیر آندرے کارلوو نے کہا ہے کہ حکومتی ہدایت ناموں میں جوہری بجلی گھر کی تعمیرکے منصوبے کو ترک کئے جانے کا تذکرہ موجود نہیں ہے تاہم اس منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے ترک پارلیمنٹ کو کچھ قوانین کی منظوری دینا ہوگی۔ واضح رہے کہ گیس پائپ لائن کی تعمیرسے متعلق دوطرفہ یادداشت پر یکم دسمبر سن 2014 کو دستخط کئے گئے تھے مگر گزشتہ سال چوبیس نومبر کو ترکی نے شام کی فضا میں پرواز کرنے والے روسی بمبار طیارے کو مار گرایا تھا جس کے بعد دونوں ممالک میں دوطرفہ تعلقات بہت خراب ہو گئے تھے اور روس نے ترکی پر معاشی پابندیاں عائد کر دی تھیں۔