خبرنامہ انٹرنیشنل

روس دہشت گردی میں کردارادا کرسکتا ہے:سعودی عرب

ماسکو:(اے پی پی) سعودی عرب نے کہا ہے کہ خلیج تعاون کونسل کے ممالک اور روس آپس میں تاریخی روابط اور مشترکہ مفادات رکھتے ہیں۔ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے ماسکو میں اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاؤروف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم ممالک کی خودمختاری کے احترام اور ان کے امور میں عدم مداخلت کے حوالے سے روس کے موقف کی قدر کرتے ہیں۔سعودی وزیر خارجہ نے کہ خلیج تعاون کونسل کے ممالک اور روس کے وزرا ء خارجہ کے درمیان اجلاس مثبت ثابت ہوا جس میں طرفین کے درمیان تعاون اور مشاورت کو فعال بنانے پر اتفاق رائے بھی ہوا۔ اس موقع پر الجبیر نے زور دے کر کہا کہ روس خطے میں انسداد دہشت گردی اور بحرانوں کا مقابلہ کرنے میں کردار ادا کرسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم روس کے ساتھ خطے کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے کام کررہے ہیں اور خلیج تعاون کونسل کے ممالک مسئلہ فلسطین کے حوالے سے روس کے موقف کو گراں قدر جانتے ہیں۔دوسری جانب روسی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم نے سعودی وزیر خارجہ کے ساتھ متعدد علاقائی معاملات پر بات چیت کی ہے۔ اس دوران ہمارے درمیان قانونی بنیاد پر خطے کے مسائل حل کرنے کی ضرورت پر بھی اتفاق رائے سامنے آیا ۔ اس کے علاوہ شام ، عراق اور لیبیا میں بحرانوں کے حل کے لیے کی جانے والی کوششیں اور خلیج کی صورت حال زیر بحث آئی۔لاؤروف نے مزید کہا کہ ہم نے باور کرایا ہے کہ شام کے بحران کے حل کے لیے جاری کوششوں کی بھرپور سپورٹ جاری رکھیں گے۔ روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ان کا ملک سعودی عرب کے زیرقیادت اسلامی عسکری اتحاد کی تشکیل کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے تیل اور نیوکلیئر توانائی کے شعبوں میں سعودی عرب کے ساتھ تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔