خبرنامہ انٹرنیشنل

روس مشرقی یوکرین سے اپنی فوج واپس بلائے، نیٹو

برسلز:(اے پی پی) نٹیو کے سکریٹری جنرل نے روس سے کہا ہے کہ وہ مشرقی یوکرین سے اپنی فوج اور فوجی سازوسامان کو نکال لے۔نیٹو کے سکریٹری جنرل اسٹولٹن برگ نے برسلز میں نیٹو کے رکن ملکوں کے وزرائے دفاع کے اجلاس کے بعد روس سے کہا کہ وہ مشرقی یوکرین سے اپنی فوج کو باہر نکال لے اور اس علاقے میں یوکرینی حکومت کے مخالفین کی حمایت کرنا بند کر دے۔انہوں نے کہا کہ امریکا کی قیادت میں نیٹو تنظیم یوکرینی حکومت کی حمایت جاری رکھے گی اور کریمیا کے روس کے ساتھ الحاق کو ہرگز تسلیم نہیں کرتی۔ نیٹو کے سکریٹری جنرل نے کریمیا میں روسی فوج کی موجودگی پر احتجاج کیا ہے ۔یاد رہے کہ نیٹو نے ابھی حال ہی میں مشرقی یورپ میں روس کی سرحدوں کے قریب کئی فوجی مشقیں بھی کی ہیں اورنیٹو کی کوشش ہے کہ وہ ان علاقوں میں اپنی فوجی موجودگی کو تقویت پہنچائے۔دوسری جانب روس نے بھی نیٹوکے سیکریٹری جنرل کے اس بیان کے جواب میں کہا ہے کہ وہ نیٹوکے اقدامات اور منصوبے کا بھرپور جواب دے گا ۔