خبرنامہ انٹرنیشنل

روس میں پانچ دہشت گرد گرفتار، گولہ بارود برآمد

ماسکو ۔ 22 اکتوبر (ملت + اے پی پی) روس کے سیکورٹی ادارے نے اعلان کیا ہے کہ پانچ نوجوانوں پر مشتمل ایک دہشت گرد گروہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔روس کے ذرائع ابلاغ نے سیکورٹی اہل کاروں کے حوالے سے خبر دی ہے کہ دہشت گرد عناصر فیس بک سمیت سوشل میڈیا کے دوسرے ذرائع سے شام میں سرگرم عمل دہشت گردوں کے ساتھ رابطے میں تھے۔ ان عناصر کو کچھ ہتھیار بھی فراہم کئے گئے تھے جس سے وہ قفقاز کے صوبہ کاراچایوف میں واقع ایک پولیس مرکز پر حملہ کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔ رپورٹ کے مطابق، یہ دہشت گردانہ حملہ آئندہ ہفتے انجام دیا جانا تھا جسے روس کے سیکورٹی اہل کاروں نے ناکام بنا دیا۔ دہشت گرد عناصر کی گرفتاری کے وقت ان کے پاس سے اسلحوں کے علاوہ گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی روس کی خفیہ ایجنسیوں نے مئی 2016 میں ایک بہت بڑی تخریبی کارروائی کا انکشاف کیا تھا جس کا مقصد دوسری جنگ عظیم کی کامیابی کے جشن کی تقریبوں کو نشانہ بنانا تھا۔ اس واقعے میں بیلا روس کا ایک شہری گرفتار ہوا تھا جو شام سے لوٹ کر روس کی سرحدوں میں داخل ہوا تھا۔