ماسکو ۔ (اے پی پی) روسی خبررساں ایجنسی تاس کے مطابق روس نے ماسکو ۔ بغداد دفاعی معاہدے کے تحت زمین سے فضا میں مار کرنے والے بیس پینتسر ایس ۔ ون سسٹم عراق کے حوالے کر دیئے۔ رپورٹ کے مطابق روس کی ابارون ایکسپورٹ کمپنی اور عراقی وزارت دفاع کے درمیان طے پانے والے اس معاہدے کے تحت عراقی فوج کو مذکورہ سسٹم چلانے کی تربیت دینے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ معاہدے کے تحت روس ایسے مزید اٹھائیس سسٹم عراق کو فراہم کرے گا۔ دو سال قبل عراق کے اس وقت کے وزیر اعظم نوری المالکی کے دورہ روس کے موقع پر بغداد اور ماسکو نے دو ارب چالیس کروڑ ڈالر مالیت کے دفاعی معاہدے پر دستخط کئے تھے جس کے تحت روس نے اڑتالیس پینتسر ایس۔ ون سسٹم اور چھتیس ایم ٹوئنٹی ایٹ این اے شکاری ہیلی کاپٹر عراق کو فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ روس کا کہنا ہے کہ اس نے یہ سسٹم عراق کو درپیش خطرات کا مقابلہ کرنے کی غرض سے حکومت بغداد کو فراہم کئے ہیں۔ روس، داعش دہشت گردہ گروہ کے مقابلے میں عراق کی حمایت پر بھی زور دیتا ہے۔