خبرنامہ انٹرنیشنل

روس پر نئی ممکنہ امریکی پابندیوں کے اعلان کے بعد روس کے ڈالربانڈز کی قدر میں نمایاں کمی

ماسکو ۔ (ملت+اے پی پی) امریکا نے روس کے خلاف اگست کے آخر تک نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد روس کے ڈالر بانڈز کی عالمی مارکیٹ میں قدر میں 1.7 فیصد کی شرح سے 105.25 سینٹ تک کمی واقع ہوگئی ہے۔ ٹریڈ ویب کے مطابق روسی ڈالر بانڈز کی قدر میں 1.7 فیصدکی شرح سے 105.25 سینٹ کی کمی واقع ہوئی ہے۔ 22 جون کے بعد اس کی قدر میں یہ سب سے زیادہ کمی ہے۔ یورو بانڈ میں 1.15 فیصد کی شرح سے 93.14 سینٹ تک کمی واقع ہوئی ہے۔ امریکا کی ممکنہ نئی پابندیوں میں روس کی قومی سلامتی سے متعلق اشیاء کو ہدف بنایا جائے گا۔ ان پابندیوں کا اعلان برطانیہ میں مقیم سابق روسی جاسوس سرگی سکرپل اور اس کی بیٹی جولیا کو کیمیائی زہر سے قتل کرنے کی کوشش کے الزام پر کیا گیا ہے۔ برطانیہ نے روس پر اس واقعہ میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا تاہم روس نے اس سے لاتعلقی ظاہر کی تھی۔