خبرنامہ انٹرنیشنل

روس کا جارحانہ رویہ، مشرقی یورپ میں تعینات امریکی فوج میں اضافے کا فیصلہ

واشنگٹن۔ : (اے پی پی) امریکی فوج کا کہنا ہے کہ وہ روس کے جارحانہ رویے کے باعث مشرقی یورپ میں اپنے فوجیوں کی تعداد میں اضافہ کر رہا ہے۔اگلے سال سے امریکا کے تین جنگی بریگیڈ اس علاقے میں تعینات کیے جائیں گے۔بی بی سے نامہ نگار برائے سفارتی امور کا کہنا ہے کہ یوکرین میں روسی اقدامات کے بعد خطے میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد سے یہ نیٹو کی سب سے بڑی کمک ہے۔گذشتہ ماہ پینٹاگون نے 2017 میں یورپی دفاع کے لیے اپنے بجٹ میں چار گنا اضافہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔اس اضافی نفری سے امریکہ خطے میں فوجی مشقیں کرنے کے قابل ہو جائے گا۔یورپ میں امریکاکے سینیئر کمانڈر جنرل فلپ بریڈ لو کا کہنا تھا ہمارے اتحادی مزید قابل ہوں گے۔ ان کے ممالک میں مزید مسلح بریگیڈ اور جدید اسلحے ہوں گے۔ہر بریگیڈ علاقے میں نو ماہ کے بعد جگہ تبدیل کرے گی۔ ہر بریگیڈ میں 4500 فوجی اہلکار بشمول فوجی سازو سامان اور گاڑیاں ہوتے ہیں۔نائب وزیرِ خارجہ نے وال سٹریٹ جرنل کو بتایا کہ ان میں لڑاکا ڈویژن بھی شامل ہیں ۔یورپ اور روس کے درمیان تعلقات اس وقت سے کشیدہ ہیں جب سے روس نے یوکرین کے خطے کریمیا کی 2014 میں دوبارہ الحاق میں مدد کی۔برطانوی وزیرِ خارجہ فلپ ہیمنڈ نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ گذشتہ چند ماہ میں یوکرین میں صورتحال خراب ہوئی ہے اور کئی بار جنگ بندی کی مخالفت کی گئی۔ر وس نے نیٹو اتحاد پر الزام لگایا ہے کہ وہ یوکرین کی صورتحال کا فائدہ اٹھا کر روس کی سرحد کے قریب تر ہو رہا ہے۔روسی کے نائب وزیرِ دفاع ایناتولی اینتونوف کا کہنا تھا کہ ایسی خبریں پھیلائی جار ہی ہیں کہ روس بلقان کی ریاستوں میں اپنے ٹینک بھیج رہا ہے جن میں کوئی صداقت نہیں۔