خبرنامہ انٹرنیشنل

روس کا شام سے متصل ترکی کی سرحدوں کو مکمل طور پر بند کئے جانے کی ضرورت پر زور

ماسکو:(اے پی پی) روس کے وزیر خارجہ نے شام سے متصل ترکی کی سرحدوں کو مکمل طور پر بند کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ روس کے وزیرخارجہ سرگئی لاوروف نے اپنے امریکی ہم منصب جان کیری سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ داعش کے دہشت گرد ترکی کی سرحدوں سے شام کے علاقوں میں داخل ہوتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ذریعے ضروری اقدامات عمل میں لانے کے لئے مفاہمت کی ضرورت ہے۔ روس کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک، اقوام متحدہ کی ثالثی سے ہونے والے شام مذاکرات کی حمایت کرتا ہے۔ اس سے قبل اقوام متحدہ میں روس کے مستقل مندوب ویتالی چورکین نے بھی کہا تھا کہ شام میں داعش دہشت گردوں کو ترکی کے راستے ہتھیار پہنچ رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ روس نے اس سلسلے میں سلامتی کونسل کو دستاویزات بھی پیش کر دی ہیں۔