خبرنامہ انٹرنیشنل

روس کا یورپی ملکوں سے امریکی ایٹمی ہتھیار ہٹانے کا مطالبہ

روس کا یورپی ملکوں سے امریکی ایٹمی ہتھیار ہٹانے کا مطالبہ
ماسکو۔(ملت آن لائن) روس کی وزارت خارجہ کے ہتھیاروں کے کنٹرول اور پھیلاؤ پر پابندی کے ادارے کے سربراہ میخائیل اولیانوف نے یورپی ملکوں سے امریکی ایٹمی ہتھیار ہٹانے کا مطالبہ کیاہے۔ روس کے ذرائع ابلاغ کے مطابق روس کی وزارت خارجہ کے ہتھیاروں کے کنٹرول اور پھیلاؤ پر پابندی کے ادارے کے سربراہ نے کہا ہے کہ سوویت یونین کے زوال کے بعد ماسکو نے اپنے تمام ایٹمی ہتھیار، روس منتقل کر دیئے ہیں جبکہ امریکا نے نہ صرف یورپی ملکوں میں اپنے ایٹمی ہتھیار باقی رکھے ہوئے ہے بلکہ انھیں اپ گریڈ بھی کر رہا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ امریکا کا یہ اقدام علاقے میں کشیدگی کا باعث بنے گا۔ میخائیل اولیانوف نے کہا کہ نیٹو کے رکن ملکوں میں امریکہ کے ایٹمی ہتھیاروں کا وجود جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے این پی ٹی کی شق کے منافی ہے۔ واضح رہے کہ مختلف یورپی ملکوں میں امریکا کے تقریبا دو سو ایٹمی ہتھیار موجود ہیں۔