خبرنامہ انٹرنیشنل

روس کا 60 امریکی سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم

روس کا 60 امریکی سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم

ماسکو:(ملت آن لائن) روس نے امریکا کے 60 سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم جاری کرتے ہوئے سینٹ پیٹرس برگ میں قائم امریکی قونصل خانہ بند کردیا۔
روسی میڈیا کے مطابق وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا ہے کہ امریکا سے 60 روسی سفارت کاروں کی ملک بدری کے بعد ہم بھی 60 امریکی سفارت کاروں کو ملک سے نکال رہے ہیں، اس حوالے سے امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے نوٹس حوالے کردیا ہے، یہ قدم امریکا کی جانب سے روسی سفارت کاروں کی ملک بدری کے خلاف جوابی کارروائی کے طور پر اٹھایا جاریا ہے۔
سرگئی لاروف نے کہا کہ ماسکو مزید اقدام کے طور پر سینٹ پیٹرس برگ میں موجود امریکی قونصل خانے کو بند کررہا ہے جس طرح امریکا نے واشنگٹن میں روسی قونصل خانے کو بند کیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اسی طرح کے اقدامات ان ممالک کے ساتھ بھی اٹھائیں گے جنہوں نے رواں ہفتے ہمارے سفارت کاروں کو ملک بدر کیا ہے۔
خیال رہے کہ امریکا اور یورپ سمیت 25 کے قریب ممالک نے روس کے سابق جاسوس کے معاملے پر روس کے خلاف برطانیہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے 150 سے زائد روسی سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے کا حکم دیا تھا۔