خبرنامہ انٹرنیشنل

روس کے30 لڑاکا طیارے شام سے واپس روانہ

دمشق (اے پی پی) روسی فضائیہ کے30 لڑاکا طیارے شام سے واپس روانہ ہوگئے ہیں۔روسی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کوناشنکوف نے ماسکو میں صحافیوں کو بتایا ہے کہ، روس کے سخوئی اور دوسرے بمبار طیارے شام کی حمیم چھاونی سے نکل گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان طیاروں کی دیکھ بھال کرنے والا بیشترعملہ بھی شام سے واپس روانہ ہوگیا ہے۔روسی وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا کہ ضرورت کے مطابق روسی فوجی اور طیارے جنگ بندی کی نگرانی کی غرض سے شام میں موجود رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ شام میں داعش اور النصرہ فرنٹ کے دہشت گردوں کے خلاف روسی فضائیہ کی کارروائیاں بھی جاری رہیں گی۔ ایگور کوناشنکوف نے کہا کہ پچھلے4 روز کے دوران روسی فضائیہ نے شام میں 87 مشن انجام دیئے ہیں جن کے دوران رقہ، اور دیرالزور میں داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔