خبرنامہ انٹرنیشنل

رپبلکن کنونشن، ڈونلڈ ٹرمپ کوہٹانےکی کوشش ناکام

واشنگٹن۔ :(اے پی پی) امریکا میں رپبلکن پارٹی کی جانب سے متوقع صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے مخالفین نے کلیولینڈ میں جاری پارٹی کے سالانہ کنونشن کے دوران ان کی نامزدگی کا راستہ روکنے کی کوشش کی جو ناکام ہو گئی۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ڈونلڈٹرمپ کے مخالفین نے رائے شماری کروانے کی کوشش کی جس کے تحت کنونشن میں شامل مندوبین کو اپنی مرضی کے کسی امیدوار کا انتخاب کرنے کی آزادی مل جاتی تاہم اطلاعات کے مطابق تین ریاستوں کے پیچھے ہٹ جانے کی وجہ سے یہ منصوبہ ناکام ہو گیا۔دوسری جانب ٹرمپ کے حامیوں نے کنونشن میں سینیئر رہنماؤں کی عدم شرکت پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ایوانِ نمائندگان کے سابق سپیکر نیوٹ گنگرِچ نے بش خاندان کو بچگانہ کہا ہے جب کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک مشیر نے اوہائیو کے گورنر اور صدارت کی دوڑ میں شامل ڈونلڈ ٹرمپ کے حریف جان کیسک کو بدخو قرار دیا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی نامزدگی کی وجہ سے پارٹی کے اندر بظاہر دراڑیں پڑتی نظر آ رہی ہیں اور پارٹی کے اندر ٹرمپ کے حامی اور مخالف دھڑوں کے درمیان کشیدگی جنگ کی صورت اختیار کر گئی ہے۔ دو سابق رپبلکن صدور جارج ایچ ڈبلیو بش اور جارج ڈبلیو بش نے ٹرمپ کی حمایت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔