خبرنامہ انٹرنیشنل

زمبابوے کے نئے صدر نے موگابے کی تشکیل دی گئی کابینہ تحلیل کردی

زمبابوے کے نئے صدر نے موگابے کی تشکیل دی گئی کابینہ تحلیل کردی
ہرارے:(ملت آن لائن) زمبابوے کے صدر ایمرسن منانگاگوا نے اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے تین دن بعد پیر (27 نومبر) کو سابق صدر موگابے کی تشکیل کردہ کابینہ کو تحلیل کردیا۔ صدر کے چیف سیکریٹری مشیک سباندا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر ایمرسن منانگاگوا جلد ہی نئی کابینہ تشکیل دیں گے اور اس حوالے سے مشاورتی عمل شروع کردیا گیا ہے۔ چیف سیکریٹری نے مزید بتایا کہ صدر منانگاگوا نے پیٹرک چیناماسا کو قائمقام وزیر خزانہ اور سمبراشے ممبینگیگوی کو قائمقام اعلیٰ سفارت کار کے طور پر نامزد کردیاہے تاکہ اہم وزارتوں کے کاموں میں خلل نہ پڑے۔تاہم بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ صدر منانگاگوا اپنی نئی کابینہ کا اعلان کب تک کریں گے۔
سابق صدر موگابے کی جانب سے نائب صدر ایمرسن مننگاوا کی برطرفی کے بعد ملک میں سیاسی بحران پیدا ہوا تھا جس کے بعد فوج نے 15 نومبر کو اہم سرکاری اداروں کا کنٹرول سنبھالتے ہوئے موگابے کو ان کی رہائش گاہ تک محدود کر دیا تھا۔ ایمرسن مننگاوا کو 93 سالہ رابرٹ موگابے کے بعد صدارت کا ممکنہ امیدوار سمجھا جاتا تھا تاہم موگابے اپنی اہلیہ کے اقتدار میں آنے کی راہ ہموار کرنا چاہتے تھے۔ رابرٹ موگابے استعفیٰ دیتے وقت رو پڑے تھے، زمبابوے کے اخبار کا دعویٰ بعدازاں فوج کی جانب سے دباؤ کے بعد رواں ماہ 21 نومبر کو رابرٹ موگابے نے زمبابوے کے صدر کی حیثیت سے استعفیٰ دیا، جس کے ساتھ ہی ان کی 37 سالہ حکمرانی کا اختتام ہوگیا تھا۔ جس کے بعد ایمرسن منانگاگوا نے 24 نومبر کو زمبابوے کے صدر کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔