خبرنامہ انٹرنیشنل

سابق آسٹریلوی وزیر اعظم میلکم ٹرن بل کا پارلیمنٹ سے مستعفی ہونے کا اعلان

سڈنی ۔ (ملت+اے پی پی) اپنی ہی پارٹی کی بغاوت کے نتیجہ میں عہدے سے ہٹادیئے جانے والے سابق آسٹریلوی وزیر اعظم میلکم ٹرن بل نے پارلیمنٹ سے مستعفی ہونے کا اعلان کرکے ایک نشست کی اکثریت رکھنے والی پارٹی کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم رہنے کے بعد ایک عام رکن کی حیثیت سے پارلیمنٹ میں بیٹھنے کی بجائے آئندہ جمعہ کو پارلیمنت کی رکنیت سے مستعفی ہوجائیں گے۔آسٹریلوی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق ان کے استعفی کی صورت میں آسٹریلیا کی موجودہ حکمران جماعت لبرل پارٹی پارلیمنٹ میں اکثریت سے محروم ہوجائے گی۔ رپورٹ کے مطابق ان کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب 6 اکتوبر کو متوقع ہیں تاہم اس وقت تک موجودہ وزیر اعظم سکاٹ موریسن پارلیمنٹ میں اکثریت سے محروم رہیں گے۔ اگرچہ یہ حلقہ حکمران جماعت کا ہی تصور کیا جاتا ہے لیکن کسی اپ سیٹ کے نتیجہ میں حکمران جماعت شدید مشکلات کا شکار ہوسکتی ہے۔